بھوپال : جیل سے فرار ہوئے کالعدم تنظیم سیمی کے 8 مشتبہ کارکنوں کے
انکاؤنٹر پر اٹھ رہے سوالات کے درمیان اب ایک آڈیو سامنے آیا ہے ۔ آڈیو میں
مبینہ طور پر بھوپال پولیس کے حکام کی آوازیں ہیں ، جو مفرور قیدیوں کا
'کام تمام' کرنے کا حکم دے رہے ہیں ۔ 9 منٹ 48 سیکنڈ کے اس آڈیو کلپ میں
مبینہ طور پر پولیس والوں کی وائرلیس پر کی گئی بات چیت ہے ۔ پولیس کنٹرول
روم سے بات کر رہے ہیں اور سینئر افسران اس بات کو یقینی بنانے کا حکم دے
رہے ہیں کہ مشتبہ افراد میں سے کوئی بھی زندہ بچنا نہیں چاہئے ۔
اگر ریکارڈنگ صحیح ہے ، تو کنٹرول روم سے واضح طور پر یہ حکم دیتے ہوئے سنا
جاسکتا
ہے کہ پیچھے مت ہٹنا ، انہیں گھیر لو اور ان کا کام تمام کر دو ۔
کلپ میں ایک پولیس والا بتاتا ہے کہ فائرنگ شروع ہو گئی ہے ۔ ایک پولیس
والا یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ سر، ہم نے تمام 8 کو ختم کر دیا ہے ۔
وائرلیس سیٹ پر ایک افسر کہتا ہے کہ ڈی ایس پی کرائم برانچ نے ابھی ابھی
اطلاع دی ہے کہ تمام 8 ہلاک ہو گئے ۔ بڑی کامیابی ہے ۔ مبارک ہو۔ آڈیو میں ایک اور پولیس اہلکار کی آواز ہے جو کہتا ہے کہ جو باقی فورس پہنچ
رہی ہے ، ان کو اوپر آنے کی ضرورت نہیں ہے ، بتا دو اگر کچھ اور سرچ
آپریشن کرنا پڑے تو۔ آخر میں خوشی ظاہر کرتے ہوئے ایک آواز آتی ہے کہ کھیل
ختم ہو گیا ۔ تمام 8 ہلاک ہو گئے ہیں